کشمیری پنڈت ملازمین کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا : رویندر رینہ

جموں//وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کشمیر میں تعینات ہندو ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ اُن کی جائز مانگوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ بھاجپا صدر رویندر رینا کے ساتھ کشمیر میں تعینات ملازمین جن میں کشمیر پنڈت بھی شامل ہیں نے ملاقات کی۔
اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران رویندر رینا نے کہاکہ موجودہ سرکار کشمیر پنڈت اور دیگر ہندوملازمین کے مسائل حل کرنے کی خاطرزمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کشمیر میں تعینات ملازمین کی رکی پڑی تنخواہوں کو فوری طورپر واگزار کیاجانا چاہئے۔
اُن کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یقین دلایا ہے کہ کشمیر میں تعینات ملازمین کے جائز مسائل کو حل کیا جائے گا۔
موصوف صدر نے بتایا کہ ملازمین کی ٹرانسفر پالیسی کی خاطر ایل جی انتظامیہ نے دو مرتبہ کمیٹیاں تشکیل دی تاہم کمیٹیوں کے سربراہان کو سینٹرل ڈبیوٹیشن پر بھیجا گیا جس وجہ سے یہ معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔
رویندر رینا نے احتجاج کر رہے ملازمین کو یقین دلایا کہ اُن کے سبھی مسائل کو حل کیا جائے گا اور اس حوالے سے بی جے پی نے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جنہوں نے کشمیر کے ٹرانزٹ کیمپوں میں مقیم ملازمین سے بھی ملاقات کی ہے۔
بتادیں کہ پچھلے چار ماہ سے کشمیری پنڈت اور ڈوگرہ ملازمین جموں میں احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں اور وہ سرکار سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اُنہیں جموں ٹرانسفر کیا جائے۔