جموں: سدھرا میں پولیس چوکی کے قریب پر اسرار دھماکہ: تحقیقات جاری

جموں//جموں کے سدھرا علاقے میں ایک پولیس چوکی کے قریب “دھماکے جیسی” آواز سننے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ آواز منگل کی رات دیر گئے توی پر ایک پل کے قریب سنی گئی۔
انہوں نے کہا کہ “دھماکے” میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندن کوہلی نے کہا، “سدھرا پل چیکنگ پوائنٹ کے قریب دھماکے جیسی آواز سنی گئی۔ معاملے کی تصدیق کے لیے جائے وقوع پر مکمل تلاشی لی جا رہی ہے”۔
حکام نے بتایا کہ سپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے اہلکاروں سمیت پولیس کی کمک علاقے میں پہنچ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک مکمل سرچ آپریشن کیا گیا لیکن رات بھر جاری آپریشن کے دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، بائی پاس جموں سری نگر قومی شاہراہ سے منسلک ہے اس لیے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا اور گاڑیوں کی چیکنگ تیز کر دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ کا دورہ کر رہی ہیں۔