خالصتان حامی امرت پال ساتھیوں سمیت گرفتار، ریاست میں الرٹ، انٹرنیٹ خدمات معطل

File Photo

یو این آئی

چنڈی گڑھ//’وارث پنجاب دے‘ تنظیم کے سربراہ اور پنجاب میں خالصتان کے مہم چھیڑنے والے امرت پال سنگھ کو ہفتہ کو جالندھر ضلع کے نکودر کے قریب اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پولیس کے تعاقب سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس امرت پال کو پکڑ کر کسی نامعلوم مقام پر لے گئی ہے۔ اس سے پہلے، پولیس نے امرت پال کے چھ ساتھیوں کو اس کے قافلے سے اس وقت پکڑ لیا جب وہ جالندھر کے شاہ کوٹ کی طرف بڑھ رہے تھے۔ اس دوران امرت پال وہاں سے کار میں فرار ہو گیا۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے انٹرنیٹ خدمات 24 گھنٹے کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔ جالندھر اور آس پاس کے علاقوں میں 18 مارچ کی دوپہر 12 بجے سے 19 مارچ کی دوپہر 12 بجے تک انٹرنیٹ خدمات معطل رہیں گی۔ موبائل فون پر چلنے والی ڈونگل سروسز پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ تاہم، اس مدت کے دوران بینکنگ اور ریچارج خدمات جاری رہیں گی۔ انتظامیہ نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پوری ریاست میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولس نے امرت پال کو جالندھر کے مہت پور کے بلند پور گوردوارہ سے گرفتار کیا۔ وہ اپنے مسلح ساتھیوں کے ساتھ پیچھا کررہی پولیس کو چکمہ دے کر روپوش ہو گیا تھا۔ امرت پال کی گرفتاری کے بعد اس کے جلو پور کھیڑا گاؤں کو سیل کر دیا گیا ہے اور وہاں بڑی تعداد میں نیم فوجی دستے اور پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ کسی بھی گڑبڑ کے پیش نظر اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کو بھی الرٹ موڈ پر رکھا ہے۔