بائیو میٹرک کا غیر مجاز استعمال کرنے پر پرنسپل ڈگری کالج قاضی گنڈ منسلک

File Photo

سری نگر// حکومت نے پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج قاضی گنڈ کو بائیو میٹرک کا غیر مجاز استعمال کرنے اور مختلف مقامات سے آن لائن حاضری لگانے پر منسلک کر دیا ہے۔
آج جاری ایک حکم نامہ کے مطابق، انچارج پرنسپل جی ڈی سی قاضی گنڈ مجاہد احمد کو بائیو میٹرک ڈیوائس کا غیر مجاز استعمال کرنے پر منسلک کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق،محکمہ کو ایک شکایت موصول ہوئی ہے کہ پرنسپل گھر سے آن لائن حاضری لگا رہاہے اور کالج میں جسمانی طور پر موجود نہیں ہے، جس کے بعد اکتوبر، نومبر، دسمبر 2022 اور جنوری-2023 کے مہینے کے لئے AEBAS پر بائیو میٹرک حاضری کا جائزہ لینے سے پتہ چلا کہ وہ قاضی گنڈ میں گھر کے علاوہ مختلف مقامات سے بائیو میٹرک حاضری لگا رہا ہے۔
حکم نامہ کے مطابق، پرنسپل کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ذاتی ڈیوائس پر بی اے ایس ڈیوائس لگانے اور دفتر کے علاوہ کسی اور جگہ سے حاضری لگانے کے لیے اپنے موقف کی وضاحت ایک ہفتے کے اندر کریںلیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔
حکم نامہ کے مطابق، مذکورہ حقائق کو مدِ نظر رکھ کر انہیں اگلے حکم تک جے اینڈ کے ایمپلائز کنڈکٹ رولز 1971 کے سیکشن 3(1) کی خلاف ورزی پر ڈائریکٹر کالجز جموں کے دفتر میں منسلک کیا گیا ہے۔
حکم کے مطابق، پرنسپل، جی ڈی سی کولگام پرنسپل جی ڈی سی قاضی گنڈ کا اضافی چارج سنبھالیں گے۔