جنوبی کشمیر میں 9.5 کلو منشیات ضبط،ایک گرفتار:پولیس

File Photo

اننت ناگ//جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک گھر سے 9کلو500 گرام نشہ آور مادہ برآمد کر کے ضبط کیا ہے اور ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا، “پولیس تھانہ اترسو کو قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی کہ اعجاز احمد لون ولد غلام حسن لون ساکن چیر پورہ اترسو نشہ آور اشیاءکی فروخت میں ملوث ہے اوراس نے اپنے گھر میں نشہ آور اشیاءکی بڑی مقدار جمع کر رکھی ہے”۔
اُنہوں نے بتایا ،”طلاع ملتے ہی اس کے مطابق این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ اترسو میں مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی، اننت ناگ پولیس اور متعلقہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ پر مشتمل ایک تلاشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے گھر کی تلاشی لی”۔
انہوں نے کہا، “تلاشی کے دوران مذکورہ رہائشی مکان سے تقریباً 9کلو 500 گرام بنگ جیسا مادہ برآمد کیا گیا جسے موقع پر ہی قبضے میں لے لیا گیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا”۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا،” معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے”۔