راجوری// راجوری قصبہ میں ایک رہائشی مکان پر چھاپے کے دوران پولیس نے اکتیس موبائل فون، 1.16 لاکھ روپے سے زائد نقدی، دو الیکٹرانک وزنی مشینیں، گیارہ گرام ہیروئن جیسا مادہ اور دیگر مشتبہ قابلِ اعتراض مواد برآمد کیا ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر مدثر حسین کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم نے سٹیشن ہاو¿س آفیسر راجوری، محمد شوکت چودھری اور انچارج پولیس چوکی راجوری سٹی، پی ایس آئی ساحل چودھری کے ساتھ راجوری قصبہ کے نبن محلہ وارڈ نمبر 10 میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ ضلعی سول انتظامیہ کی جانب سے تعینات ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں انجام دیا گیا۔ یہ چھاپہ ایک مقامی شخص کے گھر پر مارا گیا جس کی شناخت عزیز احمد عرف سونو چینی ولد محمد شریف ساکنہ وارڈ 10 راجوری کے طور پر کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے گھر کی مکمل تلاشی لی جس کے دوران 11 گرام ہیروئن جیسا مادہ، 1,16,130 روپے (ایک لاکھ سولہ ہزار تیس روپے) نقدی ، اکتیس موبائل فونز، دو الیکٹرانک وزنی مشینیں، تین کیمرے، تین موٹریں، چار ایمپلیفائر، ایک انورٹر، ایک سٹیبلائزر اور ایک سپیکر برآمد کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ چھاپے پولیس تھانہ راجوری میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8، 21 اور 22 کے تحت درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 247/2023 کے سلسلے میں مارے گئے۔
اُن کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ املاک کا کچھ حصہ مسروقہ ہونے کا شبہ ہے تاہم موبائل فون کا صحیح استعمال تفتیش کے دوران واضح ہو جائے گا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار شخص راجوری قصبہ کے علاقوں میں منشیات کی فروخت کے معاملے میں بدنام ہے اور نوجوانوں کو نشے کی طرف راغب کر رہا تھا۔