پولیس نے لشکر طیبہ سے وابستہ ایک جنگجو کے خلاف چالان پیش کیا

سری نگر// پولیس نے جمعہ کے روز ایک عدالت میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک جنگجو کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک خصوصی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بڈگام پولیس نے سال رواں کے 20 جنوری کو ضلع کے چاڈورہ علاقے میں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ ایک سرگرم جنگجو کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگجو کی تحویل سے ایک پستول سمیت اسلحہ و گولہ بر آمد کیا گیا۔
بیان میں گرفتار شدہ جنگجو کی شناخت جہانگیر احمد نائیکو ولد غلام محمد نائیکو ساکن میمندر شوپیاں کے بطور کی گئی۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ پولیس نے مجاز اتھارٹی سے ضروری اجازت حاصل کرنے کے بعد جمعہ کے روز مذکورہ جنگجو کے خلاف ایک عدالت میں چارج شیٹ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ جنگجو فی الوقت سینٹرل جیل سری نگر میں بند ہے۔