پولیس اور فوج کے سینئر افسران نے مشترکہ میٹنگ کے دوران سیکورٹی منظر نامے کا جائز ہ لیا

یو این آئی

سرینگر// شمالی کمان کے لیفٹیننٹ جنرل سوچیندر کمار نے جمعہ کے روز جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ آر آر سوین اور تمام ایجنسیوں کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی۔
تمام ایجنسیوں کے درمیان تال میل اور آنے والے مہینوں کے دوران سیکورٹی تیاریاں اس بات چیت کا محو رہی۔
دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوین ، شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچیندر کمار اور فوج کے سینئر آفیسران کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ اس میٹنگ کے دوران تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل اور آنے والے مہینوں کے دوران سیکورٹی تیاریوں پر گفت وشنید ہوئی۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ اس غیر معمولی اہمیت کی حامل میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انسداد دراندازی اور انسداد دہشت گردی گرڈ کو مضبوط کرنے کی خاطر طریقہ کار پر غورو غوض کیا گیا۔
میٹنگ کے دوران کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں سینئر آفیسران کو جانکاری فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر اور پولیس سربراہ کو ایل او سی پر فوج کی تعیناتی کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ حد متارکہ پر فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس کے سینئر آفیسران کے مابین ملاقات کے دوران جموں وکشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پربھی تبادلہ خیال ہوا۔