وزیر اعظم یکم اکتوبر کو ملک میں 5جی سروس کا آغاز کریں گے

یو این آئی

نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی یکم اکتوبر کو ملک کی پانچویں جنریشن ٹیلی کام سروس 5G کا آغاز کریں گے۔
مودی انڈیا موبائل کانگریس (آئی ایم سی) کے افتتاح کے موقع پر اس سروس کا آغاز کرنے والے ہیں جو یکم اکتوبر سے 4 اکتوبر تک دارالحکومت کے پرگتی میدان میں چلے گی۔ اگرچہ اس حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی ہے لیکن وزارت ٹیلی کام کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اس دن ملک میں 5 جی انٹرنیٹ سروس کا آغاز کر سکتے ہیں۔
مواصلات، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو بھی آئی ایم سی کے افتتاح کے موقع پر موجود رہیں گے۔ اس کا اہتمام ٹیلی کمیونیکیشن کے محکمہ اور ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کی اعلیٰ تنظیم سی او اے آئی نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ اس سال آئی ایم سی کا یہ چھٹا ایڈیشن ہے۔
خیال ر ہے کہ گزشتہ اگست میں منعقدہ 5G اسپیکٹرم نیلامی میں کمپنیوں نے 1.50 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا اسپیکٹرم خریدا تھا۔ کمپنیوں نے 150173 کروڑ روپے میں 51236 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدا تھا۔ اس میں خاص طور پر چار کمپنیوں نے حصہ لیا اور انہوں نے مل کر 150173 کروڑ روپے کا 51236 میگا ہرٹز سپیکٹرم خریدا۔ یہ کمپنیاں سال 13365 کروڑ روپے ٹیکس ادا کریں گی۔ اسپیکٹرم کے خریداروں میں اڈانی ڈیٹا نیٹ ورک، بھارتی ایرٹیل، ریلائنس جیو اور ووڈافون آئیڈیا سیلولر شامل ہیں۔ ریلائنس جیو نے 88078 کروڑ روپے میں سب سے زیادہ 24740 میگا ہرٹز اسپیکٹرم لیا ہے۔ بھارتی ایرٹیل نے 19867 میگا ہرٹز اسپیکٹرم 48088 کروڑ روپے میں لیا، ووڈافون آئیڈیا سیلولر نے 18799 کروڑ روپے میں 6228 میگا ہرٹز اسپیکٹرم لیا اور اڈانی ڈیٹا نیٹ ورک نے 212 کروڑ روپے میں 400 میگاہرٹز اسپیکٹرم لیا ہے۔
اس کے فوراً بعد کمپنیوں نے 5G سروس شروع کرنے کی تیاری شروع کر دی اور اس کے لیے آلات وغیرہ لگانا شروع کر دیے تھے۔