وزیر اعظم مودی کا سرینگر دورہ جموں و کشمیر کیلئے گیم چینجر اور سنگ میل ثابت ہوگا:ترون چگ

عظمیٰ نیوزڈیسک

سرینگر//بی جے پی کے سینئرلیڈر اور پارٹی کے جنرل سکریٹری ترون چگ نے بدھ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سری نگر کے دورے کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور یہ دورہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

چُگ نے کہا’’وزیر اعظم مودی کل ایس کے سٹیڈیم میں ایک میگا انتخابی ریلی سے خطاب کرنے سری نگر پہنچیں گے۔ جموں و کشمیر کے لوگ وزیر اعظم سے محبت کرتے ہیں۔ ہم نے ماضی میں دیکھا ہے کہ جب بھی وہ جموں و کشمیر آئے ہیں، لوگوں نے بڑی تعداد میں ان کا خیر مقدم کیا ہے ۔وزیراعظم مودی کا کل کا دورہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک سنگ میل کی بجائے گیم چینجر ثابت ہوگا‘‘۔چُگ نے کہا کہ مرکزی مقام کو سجا دیا گیا ہے اور پی ایم مودی کے استقبال کے لیے سری نگر کو سجایا گیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے چُگ نے کہا’’وزیر اعظم مودی نے جموں و کشمیر کی فلاح و بہبود کے لیے سخت محنت کی ہے۔ چاہے وہ روڈ انفراسٹرکچر ہو، روزگار ہو، ریل انفراسٹرکچر ہو، پانی، بجلی اور ایل پی جی گیس ہو۔ اب، ایک گھر کی ہر بزرگ عورت کو 18000روپے ملیں گے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے بی جے پی کارکنوں کی میٹنگ کی صدارت کی ہے اور بڑی تعداد میں لوگ پی ایم مودی کی تقریر سننے کے لئے تیار ہیں۔چُگ نے کہا “وزیر اعظم مودی کے پاس جموں و کشمیر کے لئے ایک عظیم وژن اور مشن ہے۔ آج یہ ان کی کوششوں کا براہ راست نتیجہ ہے کہ ماضی میں جن پولنگ بوتھوں کا بائیکاٹ کیا جاتا تھا وہاں لوگوں کی قطاریں نظر آ رہی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ کس طرح جمہوریت میں اپنے اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں‘‘

انہوں نے کہا کہ 1987کے انتخابات میں دھاندلی کے بعد لوگوں کا بیلٹ سے اعتماد اٹھ گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی کی کافی محنت کے بعد ایمان واپس آیا ہے اور لوگ گولی کے بجائے بیلٹ کا انتخاب کر رہے ہیں۔