پی ای ایچ ڈیلی ویجروں کا احتجاج،جموں میں بھاجپادفتر کا گھیراو کیا

File Photo

جموں// جموں میں بھارتیہ جنتاپارٹی دفتر کے باہر پی ایچ ای ڈیلی ویجروں نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاجی مظاہرئے کئے۔
مظاہرین نے بھاجپا آفس کا گھیراو کیا جس کے بعد رویندر رینا اُن سے ملنے باہر آئے اور یقین دلایا کہ ڈیلی ویجروں کی جائز مانگوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جمعرات کے روز جموں میں پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کی ایک بڑی تعداد نے بھارتیہ جنتا پارٹی دفتر کا گھیراو کیا۔
مظاہرین جو مختلف اضلاع سے آئے ہوئے تھے نے بی جے پی دفتر کے باہر دھرنا دیا جس وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت بھی معطل ہو کررہ گئی۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے اُن کی نوکریوں کو مستقل کرنے کا وعدہ کیا گیا اور یہاں تک کہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی لیکن مسئلہ جوں کا توں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں ہی جموں وکشمیر انتظامیہ نے ڈیلی ویجروں کی تنخواہیں بڑھانے اور اُن کی نوکریاں مستقل کرنے کی خاطر میٹنگ بھی طلب کی گئی لیکن اُس میٹنگ کے دوران کوئی فیصلہ نہیں لیاگیا۔
اُن کے مطابق سرکار اُن کے جذبات کے ساتھ کھیل رہی ہے لہذا اب ڈیلی ویجروں نے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بی جے پی دفتر کے باہرسینکڑوں ڈیلی ویجروں کی جانب سے دھرنے اور نعرے بازی کو دیکھتے ہوئے گر چہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو بھی طلب کیا گیا لیکن ڈیلی ویجروں کی تعداد کافی زیادہ ہونے کے باعث پولیس بھی کچھ نہ کر سکی۔
حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا دفتر سے باہر آئے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ ڈیلی ویجروں کی مستقلی کی خاطر سرکار کافی سنجیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجروں کی مستقلی کا معاملہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی نوٹس میں لائیں گے۔