جموں و کشمیر میں انتخابات کا پرامن اختتام جمہوری جذبے کی فتح: چیف الیکشن کمشنر

عظمیٰ ویب ڈیسک

نئی دہلی// چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے منگل کو کہا کہ جموں و کشمیر میں عوامی شمولیت کے ساتھ انتخابی عمل کا پرامن اختتام جمہوری جذبے کی فتح اور یونین ٹیریٹری کے عوام کی استقامت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے اپنی مرضی ظاہر کی ہے، اور یہ تاریخی اسمبلی انتخابات اپنے اختتام کو پہنچ چکے ہیں۔
راجیو کمار نے کہا،”جمہوریت کو گلے لگانے کا ان کا یہ اقدام اس کے ستونوں کو مزید مضبوط کرتا ہے، اور اب یہ عوام پر منحصر ہے کہ وہ جمہوری سفر کو مزید بلندیوں تک لے جائیں”۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ایک دہائی بعد منعقد ہوئے اور یہ 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی اور ریاست کی دو یونین ٹیریٹریز، جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کے بعد پہلے انتخابات تھے۔
حد بندی کے بعد اسمبلی سیٹوں کی تعداد 83 سے بڑھا کر 90 کر دی گئی، جس میں پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے لیے مختص نشستیں شامل نہیں ہیں۔
گزشتہ سال دسمبر میں، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 30 ستمبر تک جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی۔