پی ڈی پی کا الیکشن کمیشن کے حالیہ اعلان کے خلاف سری نگر میں احتجاج

سری نگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے الیکشن کمیشن کے غیر مقامی لوگوں کو جموں و کشمیر میں ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے اعلان کے خلاف جمعے کے روز یہاں اپنے پارٹی ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ ’فرضی ووٹر نامنظو نامنظور‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقعے پر پارٹی کے ترجمان اعلیٰ سید سہیل بخاری نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج الیکشن کمیشن کے حالیہ فیصلے کے خلاف پر امن احتجاج درج کر رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقوق پامال کئے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ اگست2019 سے جو ہمارے حقوق چھیننے کا سلسلہ شروع کیا گیا یہاں غیر مقامی لوگوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دینا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے تشخص، جمہوری حقوق اور یہاں کی الیکٹورل ڈیمو گرافی کو تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو یہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔
مسٹر بخاری نے سیاسی جماعتوں اور لوگوں کو متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور لوگوں کو ایک جٹ ہو کر اس حملے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔