عظمیٰ ویب ڈیسک
اودھم پور// مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے اودھم پور میں پٹواری سمیت تین ملازمین کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی ترجمان نے کہا کہ سی بی آئی نے ایک پراپرٹی ڈیلر سکنہ گاﺅں جِب تحصیل اور ضلع اودھم پور کے خلاف شکایت پر مقدمہ درج کیا تھا۔ اُس پر الزام ہے کہ ملزم پراپرٹی ڈیلر ایک پٹواری کی جانب سے شکایت کنندہ سے جائیداد کا فرد (ریونیو ایکسٹریکٹ) جاری کرنے کے لیے 40,000 روپے کی رشوت طلب کر رہا تھا، جسے شکایت کنندہ کے والد (پراپرٹی ڈیلر سے) خرید رہے تھے”۔
ایجنسی نے مزید کہا کہ سی بی آئی نے ملزم کے خلاف ایک کامیاب جال بچھایا اور پراپرٹی ڈیلر، ایک مڈل مین اور پٹواری ٹریپ میں پھنس گئے۔
اُنہوں نے کہا ، “ملزم پراپرٹی ڈیلر کو شکایت کنندہ سے 40,000 روپے رشوت مانگتے اور قبول کرتے ہوئے پہلے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ مزید کارروائی کے دوران ایک مڈل مین کو ملزم پراپرٹی ڈیلر سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بعد ملزم پٹواری کو بھی مذکورہ مڈل مین سے رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا”۔
سی بی آئی نے ملزمان کے رہائشی احاطے کی تلاشی لی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں ملزمان کو آج خصوصی جج، انسداد بدعنوانی (سی بی آئی کیسز) جموں کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔