پاکستان امن خراب کیلئے کوشاں، خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیا جائے گا: ایل جی سنہا

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) منوج سنہا نے بدھ کو کہا کہ پاکستان ترقی کو روکنے کے لیے جموں میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ملی ٹینٹوں کے ذریعے بہائے گئے لوگوں کے خون کے ہر قطرے کا بدلہ لیا جائے گا۔
ایل جی کا یہ تبصرہ جموں خطہ میں گزشتہ 45 دنوں کے دوران عسکری حملوں کی ایک سیریز کے پس منظر میں آیا ہے۔
یہاں راج بھون میں ایک تقریب میں سنہا نے کہا، ”آج ایک بار پھر دہشت گرد ملک پاکستان جموں صوبہ میں امن کو خراب کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ یہ خطے کی ترقی کو روکنا چاہتا ہے”۔
اُنہوں نے کہا، “پونچھ-راجوری سے لے کر کٹھوعہ-ریاسی اور ڈوڈہ تک، ان لوگوں کے خاندانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو اپنے لیے روشن مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔ آپ سب کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستانی ملی ٹینٹوں کے بہائے گئے (لوگوں کے) خون کے ہر قطرے کا بدلہ ضرور لیا جائے گا”۔
سنہا نے کہا کہ ملی ٹینسی کے خلاف ایک ساتھ کھڑا ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ گجر اور بکروال سرحد پر دفاع کی پہلی لائن سمجھے جاتے ہیں، انہوں نے دونوں برادریوں کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کریں۔
ایل جی نے کہا کہ منشیات کے نیٹ ورک کو تباہ کرنے کے لیے بھی آپ کی مدد درکار ہے۔ ملی ٹینسی اور منشیات سمگلنگ کی حمایت کرنے والوں کا تعلق کسی برادری یا ذات سے نہیں ہے۔ اگر ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے، تو میرے خیال میں اس کا خیرمقدم کیا جانا چاہیے”۔
جموں خطہ میں گزشتہ 45 دنوں میں ملی ٹینسی کے 15 واقعات ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں دو افسران سمیت دس سیکورٹی اہلکار اور نو یاتری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 58 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔