ڈی اے پی لیڈر تاج محی الدین کے زیرِ قبضہ 13کنال اراضی بازیاب

File Photo

شوپیاں//انتظامیہ نے پیر کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں جاری بے دخلی مہم کے دوران سابق وزیر اور ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے لیڈر کے زیرِ قبضہ 13کنال سے زیادہ جنگلاتی اراضی کو بازیاب کرلیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے سرکاری زرائع کے حوالے سے بتایا کہ محکمہ مال کی ٹیم نے محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر شوپیاں کے سیڈو علاقے میں سابق وزیر تاج محی الدین کے زیرِ قبضہ 13کنال اور 16مرلہ جنگلاتی اراضی بازیاب کر لی۔
اُنہوں نے بتایا کہ تقریباً 35کنال اراضی ہے جس میں سے 13کنال اور 16مرلے پر سابق وزیر نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر حکومت کی جانب سے یوٹی بھر میں انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت تمام اضلاع میں قابضین سے ہزاروں کنال اراضی بازیاب کر لی گئی ہے۔
اسی دوران عوامی حلقوں میں حکومت کے اس اقدام کے خلاف کافی ناراضگی پائی جا رہی ہے، کیونکہ جموں وکشمیر کے زیادہ تر لوگوں کا گزر بسر اور رہائش اسی اراضی پر ہے، جو سابقہ حکومتوں کی جانب سے انہیں فراہم کی گئی ہے۔