عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں خطہ کے ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بدھ کو جاری آپریشن میں فوج کا ایک کیپٹن جاں بحق ہوا ہے جبکہ ایک ملی ٹینٹ بھی مارا گیا ہے۔
یوم آزادی سے ایک دن قبل شروع ہونے والی جھڑپ میں ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “جاری آپریشن میں ایک ملی ٹینٹ کو مار گرایا گیا ہے۔ ایم 4 رائفل کے علاوہ ایک اے کے 47 برآمد ہوئی ہے۔آپریشن کے دوران وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے”۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ کے شیو گڑھ-عسر علاقے میں چھپے ہوئے غیر ملکی ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کا سراغ لگانے کے لیے ایک مشترکہ ٹیم کی طرف سے شروع کیے گئے محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران گھنے جنگل والے علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ میں نوجوان کیپٹن کو کئی گولیاں لگیں اور اُسے زخمی حالت میں ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس نے آخری سانس لی۔
جائے وقوعہ سے چار خون میں لت پت 4 بیگ برآمد ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ملی ٹینٹ ملحقہ ادھم پور ضلع کے پٹنی ٹاپ کے قریب ایک جنگل سے ڈوڈہ میں داخل ہوئے جب وہاں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
حکام کے مطابق منگل کی شام 6 بجے ادھم پور میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے رابطہ قائم کیا۔ تصادم تقریباً آدھے گھنٹے بعد شروع ہوا اور وقفے وقفے سے اس وقت تک جاری رہا جب تک دونوں فریقین نے توقف نہیں کیا۔ رات بھر آپریشن بند رہنے کے بعد تلاشی صبح دوبارہ شروع کی گئی۔