عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ// سیکورٹی فورسز نے منگل کو ایک جنگجو اور پانچ اوور گراو¿نڈ کارکنوں کو گرفتار کرکے صرف 14 دنوں میں لشکر طیبہ کے دو ملی ٹینٹ ماڈیولز کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی بارہمولہ امود ناگپورے نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے بارہمولہ ضلع میں ایک سرگرم جنگجو اور چھ جنگجو ساتھیوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ تمام گرفتار جنگجو اور معاون کار پاکستان میں مقیم ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے اور خطے میں پرامن ماحول کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو خواتین اوور گراونڈ ورکرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو سرگرم جنگجووں کو مدد فراہم کر رہی تھیں، اور ان کے قبضے سے دو دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ اس سلسلے میں بارہمولہ میں مقدمات درج کئے گئے ہیں اور معاملے کی چھان بین اور گرفتار افراد سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔