جموں سرینگر شاہراہ پر چٹانیں کھسک آئیں،ایک ہلاک،2دیگر زخمی

رام بن// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گزشتہ شب کھسک آئی چٹانوں کی زد میں آکر ایک شخص کی موت ہو گئی ہے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، شاہراہ کے رام بن بانہال سیکٹر میں مگرکوٹ کے مقام پر گزشتہ شب چٹانیں کھسک آئیں، جو ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
سرکاری زرائع نے بتایا کہ چٹانوں کی زد میں آئی گاڑیوں میں سوار ایک شخص کی موت ہوگئی، جبکہ دو دیگر شدید طور پر زخمی ہوئے، جنہیں علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت منیب ٹاک سکنہ سوپٹ کولگام کے طور پر ہوئی ہے، جو ٹرک زیرنمبر JK18A-6968 میں سوار تھا۔
زخمیوں کی شناخت گوپال ولد بیاانت لال سکنہ پیڑا رام بن اور راجندر کمار ولد پریم سنگھ سکنہ بٹوت رام بن کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ٹینکر زیر نمبر JK02BL-8177میں سوار تھے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کے درمیان میہاڑ اور پنتھیال علاقے میں مسلس پتھر آنے اور بھارت جوڑو یاترا کی وجہ سے آج شاہراہ پر معمول کی ٹریفک آمد ورفت متاثر رہے گی۔
اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی خراب موسمی صورتحال کے درمیان شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔