محبوبہ مفتی کوخانہ نظر بند نہیں کیا گیا: سری نگر پولیس

سری نگر//سری نگر پولیس نے منگل کو واضح کیا کہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو خانہ نظر بند نہیں کیا گیا ہے ، وہ پٹن جانے کے لیے آزاد ہیں۔
سرینگر پولیس نے ایک ٹویٹ کر کے بتایا، “یہ واضح کیا جاتا ہے کہ محبوبہ مفتی کے پٹن دورے پر کوئی پابندی نہیں، اُن کا پٹن دورہ دوپہر 1 بجے تھا جیسا کہ ہمیں بتایا گیا تھا۔ محبوبہ نے جو تصویر ٹویٹ کی ہے وہ گیٹ کے اندر کی ہے جس میں رہائشیوں کے اپنے تالے لگے ہوئے ہیں جو بنگلے میں رہتے ہیں۔ کوئی تالہ یا کوئی پابندی نہیں ہے۔ وہ سفر کرنے کے لیے آزاد ہیں”۔
اس سے قبل محبوبہ نے الزام لگایا تھا کہ انہیں ایک کارکن کی شادی میں پٹن جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
محبوبہ نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ٹویٹر پرٹویٹ کر کے بتایا،”جب مرکزی وزیرِ داخلہ کشمیر میں گھوم رہے ہیں، میں صرف ایک کارکن کی شادی کے لیے پٹن جانا چاہتی تھی، مجھے گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے، اگر کسی سابق وزیر اعلیٰ کے بنیادی حقوق کو اتنی آسانی سے سلب کیا جا سکتا ہے، توایک عام آدمی کی حالت زار کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا”۔