کوئی بھی طاقت جموں وکشمیر کو ترقی کی نئی بلندیاں چھونے سے نہیں روک سکتی: منوج سنہا

File Photo: Mir Imran

جموں// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ کوئی بھی طاقت جموں و کشمیر کو تعمیر و ترقی کی نئی منزلیں طے کرنے سے روک نہیں سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں بھی کشمیر کی طرح بدل رہا ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں جمبو چڑیا گھر کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر بدل رہا ہے اور یونین ٹریٹری بھر میں دن رات ترقی کے کام ہو رہے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘آج ہمارے پاس شمالی ہندوستان کا سب سے بڑا چڑیا گھر ہے جو 32 سو کنال اراضی پر پھیلا ہوا ہے اور جو 62.17 کروڑ روپیوں کی لاگت سے تیار ہوا ہے’۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ جموں کے دریا توی پر بھی بہت جلد رویور فرنٹ تیار کیا جائے گا اور بالا جی مندر کا افتتاح 8 جون کو کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا: ‘یونین ٹریٹری انتظامیہ جموں کا تقدیر بدل رہی ہے لہذا اس خطے کے لوگوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کو انجام دیتے ہوئے خطے کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا رول ادا کرنا چاہئے’۔
جمبو چڑیا گھر میں مختلف قسم کے جانور، ویو پوائنٹس، ایمفی تھیٹر، سووینئر شاپ، پارکس، نیچر ٹریلر، ریفریشمنٹ پوائنٹس وغیرہ موجود ہوں گے۔
دریں اثنا محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق اس چڑیا گھر میں پہلے ہفتے کے دوران مفت داخلہ ہوگا۔