نتیش کمار نے این ڈی اے سے ناطہ توڑ لیا

یو این آئی

پٹنہ// بہار میں تیزی سے بدلتے سیاسی واقعات کے مابین حزب اقتدار جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) نے آج قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) سے ناطہ توڑ لیا جے ڈی یو اراکین پارلیمنٹ اور قانون ساز پارٹی کی منگل کو یہاں ہوئی میٹنگ میں اس پر مہر لگی اجلاس میں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جے ڈی یو اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کو بتایاکہ کیسے بی جے پی ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے اور ایسے میں اب بی جے پی کے ساتھ نہیں رہنا چاہئے ۔

مسٹر کمار نے کہاکہ کوئی ان کی پارٹی کو توڑے یہ کہیں سے بھی مناسب نہیں ہے ۔ اجلاس میں جے ڈی یو کے تمام لیڈران نے مسٹر کمار کو فیصلہ لینے کا اختیار دیا ، جس کے بعد انہوں نے بی جے پی سے ناطہ توڑنے کا اعلان کیا۔

اس سے قبل جے ڈی یو کے نالندہ سے رکن پارلیمنٹ کوشیلندر نے بھی دعویٰ کیاکہ پارٹی کے اراکین اسمبلی کو بی جے پی کی جانب سے توڑنے کیلئے لالچ دی گئی تھی ۔ اراکین اسمبلی کو بی جے پی کی جانب سے چھ۔ چھ کروڑ روپے کا آفرد دینے کی بات کہی گئی ۔ یہاں تک کہ اتوار کو جے ڈی یو صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے بھی کہا تھاکہ سال 2020 کے اسمبلی انتخاب میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کو کمزور کرنے کیلئے چراغ ماڈل اپنایا گیا تھا ۔ بعد میں مسٹر آر سی پی سنگھ کی شکل میں پھر سے چراغ ماڈل ۔2 لایاجارہا تھا لیکن وقت رہتے ہوئے جے ڈی یو نے اسے پہچان لیا ۔ انہوںنے کہا تھاکہ ہم سب جانتے ہیں کہ چراغ ماڈل کس کا تھا۔ کہا گیا کہ ان کااشارہ بی جے پی کی جانب تھا۔