جموں و کشمیر، لداخ میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی، دراس میں منفی15درج

سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ میں منگل کو شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی اور دراس شہر میں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں وکشمیر اور لداخ میں بارش اور برف باری ہوئی وہیںآج موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
اتوار اور پیر کی درمیانی شب جموں وکشمیر بالائی مقامات پر ایک فٹ سے زائد برفباری ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق اتوار اور سوموار کی درمیانی رات سے ہی گلمرگ ، سونہ مرگ ، زوجیلا اور پیر کی گلی کے علاوہ پیز پنچال کی پہاڑیوں پر برف و باراں کا سلسلہ شروع ہواجو سوموار کی صبح تک جاری رہا جبکہ شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں سوموار کی اعلیٰ الصبح سے ہی بارشیں شروع ہوئیں جو کئی مقامات پر شام تک جاری رہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے کہا، “اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر اور لداخ میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے”۔
اُنہوں نے بتایا کہ سری نگر میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 4.5 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں منفی 3.4 اور گلمرگ میں منفی 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
جبکہ لداخ خطہ کے دراس قصبے میں منفی 15 ڈگری، کرگل میں منفی 4.2 اور لیہہ میں منفی 7.5درج کیا گیا۔
اسی دوران جموں میں درجہ حرارت 12.3 ڈگری، کٹرہ میں 10.4، بٹوت میں 2.3، بانہال میں 2.2 اور بھدرواہ میں 1 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔