کشمیر میں برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ

یو این آئی

سری نگر// محمکہ موسمیات کی طرف سے برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہونے سے چلہ کلاں جیسی سردی محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 29 اور 30 نومبر کو میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم دسمبر سے 3 دسمبر تک موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں بعد ازاں 4 سے 7 دسمبر تک مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ یکم دسمبر تک وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری متوقع ہے جس کے بعد اس میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 29 دسمبر سے وزیبلٹی میں بھی بہتری ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 29 اور 30 نومبر کو زوجیلا، مغل روڈ، سنتھن ٹاپ و دیگر پہاڑی علاقوں میں پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہونے سے سردی تیز تر ہوئی ہے۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضیہ گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ادھر خشک موسم کے بیچ وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے جبکہ تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ بھی ٹریفک کے لئے کھلی ہے۔