پُرا سرار دھماکے:این آئی اے کی ٹیم اودھم پور پہنچی

نئی دہلی//ادھم پور میں دھماکہ معاملہ کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کے اعلیٰ عہدیداروں کی ایک ٹیم ادھم پور بھیجی گئی ہے۔ٹیم کے مقامی پولیس سے دھماکے سے متعلق تمام دستاویزات کا چارج لینے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ادھم پور ضلع میں بدھ کی دیر شام ایک “پراسرار دھماکے” میں دو افراد زخمی ہو گئے ہیں،دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈومیل چوک میں جمعرات کی صبح کھڑی بس میں پراسرار دھماکہ ہوا، یہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران اودھم پور میں اس طرح کا دوسرا دھماکہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کی رات بس پٹرول پمپ کے قریب کھڑی تھی اور دھماکے کے وقت خالی تھی۔ دھماکے کی شدت اس قدر تھی کہ بس کی چھت اڑ گئی اور قریبی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں پولیس اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے مزید کہا کہ اس واقعہ کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔