جنوبی کشمیر میں تین رہائشی مکان یو اے پی اے کے تحت قرق

عظمیٰ ویب ڈیسک

پلوامہ// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کو پلوامہ اور کولگام میں تین رہائشی مکانات کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت قرق کر دیا ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی کے اہلکاروں نے ضلع پلوامہ کے گاوں چرسو، اونتی پورہ میں سروے نمبر 722,723 اور 724 کے تحت ایک دو منزلہ رہائشی مکان اور ایک منزلہ رہائشی مکان قرق کیا۔
این آئی اے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے ، “رہائشی مکانات خورشید احمد بھٹ عرف خورشید عالم بھٹ عرف سوریا، ولد غلام محمد بھٹ، ساکن بھٹ پورہ، چرسو، اونتی پورہ ضلع پلوامہ اور ان کے پانچ بھائیوں کی مشترکہ ملکیت ہیں”۔
مزید ، تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے گاوں کھڈوانی، تحصیل قائمہ، ضلع کولگام میں سروے نمبر 1603/717 کے تحت 13 مرلے کی زمین پر ایک منزلہ رہائشی مکان قرق کیا۔
ایجنسی نے کہا،”قرق جائیداد فیاض احمد ایتو عرف فیاض کھر، ولد عبدالرحمن ایتو، گاو¿ں کھڈوانی، کوئموہ، ضلع کولگام کا رہائشی مکان ہے”۔
این آئی اے کی خصوصی عدالت جموں کے حکم سے رہائشی مکانات کو یو اے (پی)اے کی دفعات کے تحت منسلک کیا گیا ہے۔