جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک آمد ورفت بحال

رام بن// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک آمد ورفت کو بحال کر دیا گیا ہے اور درماندہ گاڑیوں کو نکالا جا رہا ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے تاہم فی الحال درماندہ گاڑیوں کو نکالا جا رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جمعرات کی صبح ڈھلواس کے مقام پر مٹی کے تودے اور پتھرگرنے کی وجہ سے شاہراہ کو بند کر دیا گیا تھا اور موسمی صورتحال میں بہتری کے بعد شاہراہ سے ملبہ ہٹانے کے بعد اسے کو کھول دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ڈھلواس میں یکطرفہ آمد ورفت بحال ہونے سے شاہراہ پر ٹریفک سست رفتاری سے جاری ہے۔
ٹریفک حکام نے ٹرانسپورٹروں اور لوگوں کو لین ڈسپلن برقرار رکھنے کی تاکید کی ہے۔
اُنہوں نے خراب موسمی صورتحال کے درمیان لوگوں کو شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کرنے کی تلقین کی ہے۔