شیر بی بی میں مرمتی کام کے پیش نظر شاہراہ پر دوطرفہ آمدورفت معطل

File Photo

محمد تسکین

رام بن// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر شیربی بی کے مقام پر دھنس چکی سڑک کے مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک رام بن قومی شاہراہ روہت بسکوترہ نے بتایا کہ اتوار کو رام بن کے شیر بی بی علاقے میں سڑک کا کچھ حصہ دھنس گیا تھا۔ اس سے قبل اسی مقام پر چٹانیں کھسک آئیں تھیں جس دوران مسلسل پتھر گر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بحالی کا کام جاری ہے، ٹریفک پولیس کے اہلکار اور مشینری کام پر تعینات ہیں۔
ایس ایس پی نے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹ سے رابطہ کریں اور شاہراہ پر سفر کے دوران لین ڈسپلن کو برقرار رکھیں۔
تاہم جنوبی کشمیر کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔