جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں ترقی ایک طاقتور عوامی تحریک بننی چاہئے: منوج سنہا

یو این آئی

سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں ترقی ایک طاقتور عوامی تحریک بننی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ قیام امن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو معاشرے سے الگ تھلگ کیا جانا چاہئے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو وسطی ضلع بڈگام کے ریشی پورہ علاقے میں ضلع ہسپتال کمپلیکس کا سنگ بنیاد ڈالنے کے بعد کیا۔انہوں نے کہا: ‘ریشی پورہ بڈگام میں ضلع ہسپتال کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا ترقی کے حوالے سے آج کا دن ہم سب کے لئے ایک تاریخی دن ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘125 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال لوگوں کے دیرینہ مطالبے اور صحت کی تمام سہولیات ایکی ہی چھت کے نتیچے رکھنے کا خواب پورا کرے گا’۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جموں وکشمیر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرکے اپنا فرض پورا کرے۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں ترقی ایک طاقتور عوامی تحریک بننی چاہئے اور جو عناصر امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں ان کو سماج سے الگ تھلگ کیا جانا چاہئے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘یو ٹی انتظامیہ خوف سے پاک، دہشت گردی سے پاک، بد عنوانی سے پاک اور مستقبل پر مبنی جموں وکشمیر بنانے کے لئے پر عزم ہے’۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم اپنے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرکے اپنی جانیں نچھاور کیں۔انہوں نے کہا: ‘میں لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم جموں وکشمیر کو دہشت گردی سے پاک بنائیں گے یہ ہمارا عزم ہے’۔