امسال جموں و کشمیر کے تقریباً 10ہزار عازمین حج کریں گے

File Image

سری نگر//جموں و کشمیر کے تقریباً 10ہزار عازمین امسال حج کا مقدس فریضہ ادا کریں گے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 70 سال سے زائد عمر کے 1320 افراد اور 132 خواتین جنہوں نے محرم کے بغیر درخواست دی تھی وہ بھی 2023ءکا حج ادا کریں گے۔
خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) سے بات کرتے ہوئے حج ایگزیکٹو آفیسر عبدالسلام میر نے کہا کہ حج 2023 کے لیے کل 14271 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا،”پہلی بار بغیر محرم کے خواتین کو حج پر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سال بغیر محرم کے 132 خواتین درخواست گزاروں کا انتخاب کیا گیا ہے”۔
میر نے کہا کہ 70 سال سے زیادہ عمر کے 1320 افراد کو بھی محفوظ زمرہ کے تحت منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے حج 2023 کے لیے 14,000 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
اس سے قبل سعودی حکومت نے 2020 اور 2021 میں کووڈ وبائی امراض کے پیش نظر 70 سال سے زائد عمر کے عازمین حج پر پابندی عائد کر دی تھی تاہم سعودی حکومت نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ 70 سال سے زائد عمر کے عازمین کو ترجیح دی جائے گی اور پہلی بار سعودی عرب حکومت نے بغیر محرم کے خواتین عازمین کو بھی حج کا مقدس سفر کرنے کی اجازت دے دی۔
عبدالسلام میر نے کہا،”بے ترتیب ڈیجیٹل انتخاب کے ذریعے قرعہ اندازی جمعہ کو سہ پہر 3بجے کے بعد منعقد ہوئی”۔
انہوں نے کہا کہ منتخب عازمین کی فہرست جموں و کشمیر کے حج کمیٹی کی سرکاری ویب سائٹ www.jkshc.org پر ہفتہ کو شائع کی جائے گی۔
اس سال، جموں و کشمیر میں عازمین کے لیے 25 قافلے بنائے جائیں گے۔
جموں وکشمیر حج ہاوس بہت سے عازمین کے لیے اپنے پاسپورٹ کی تصدیق جلد از جلد کروانے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔
حج ہاوس کے عہدیدار جموں و کشمیر کے عازمین کو ہر طرح سے سہولت فراہم کریں گے۔
قابل غور بات یہ ہے کہ اس سال فروری میں سعودی حکومت نے 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو 2023 کے حج پر جانے سے منع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اپنے سرکاری بیان میں کہا تھا کہ سعودی حکومت نے 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو حج کرنے سے منع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سال، حج کمیٹی آف انڈیا نے سعودی حکومت کے ساتھ بات چیت کے بعد، حج کے درخواست فارم آن لائن مفت دستیاب کرائے تھے۔ کمیٹی نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ اس سال حج 80ہزار روپے سستا ہوگا اور ہر حاجی کو حج کی ادائیگی کے لیے 3.70 سے 3.80 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے۔