جموں و کشمیر کی شناخت کو محفوظ بنانے کیلئے اتحاد اور یکجہتی ناگزیر: فاروق عبداللہ

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ اُن کی پارٹی جموں و کشمیر کی شناخت کو محفوظ کرنے کے حتمی مقصد کے ساتھ کام کر رہی ہے تاہم اس کیلئے یکجہتی اور اتحاد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی پالیسی مختلف طبقوں کے درمیان ان کے علاقے، مذہب یا ذات پات کے فرق کو ختم کرنے پر مرکوز ہے۔
پارٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عبداللہ نے پارٹی ہیڈ کوارٹر نوائے صبح میں شمالی، جنوبی اور وسطی زون کے کئی عہدیداروں سے بات چیت کرتے ان باتوں کا اظہار کیا۔
این سی صدر نے کہا، “ہمیں اپنے حقوق کے حصول کے حتمی مقصد کو حاصل کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ این سی جموں و کشمیر کی اراضی، ملازمتوں اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھے گی جو ان برسوں میں مجروح ہوئے ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے چند ماہ جموں و کشمیر کی سیاست کے مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہا، ”یہ یقیناً محنت، نظم و ضبط اور اتحاد کا تقاضا کرتا ہے“۔
فاروق عبداللہ نے عہدیداروں کو ان اہم ذمہ داریوں کو نبھانے کی تلقین کی۔