پلوامہ // پلوامہ کے دربگام علاقے سے تعلق رکھنے والے ماسٹرس ڈگری یافتہ نوجوان کی پراسرار موت سے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔
لواحقین کے مطابق، سہیل احمد ڈار ولد محمد مقبول ڈار ساکن دربگام پلوامہ نے سوموار کو نماز فجر باجماعت مقامی مسجد میں ادا کی، سہیل باجماعت نماز کے بعد گھر پہنچ گیا اور حسب معمول دربارہ اپنے کمرے میں سونے کیلئے چلاگیا۔اس دوران قریباً آٹھ بجے جونہی لواحقین سہیل کے کمرے میں گئے تو انہوں نے نوجوان کو بے ہوش سمجھ کر ضلع ہسپتال پلوامہ پہنچا دیا، جہاں ڈاکٹروں نے نوجوان کو مردہ قرار دیا۔
سہیل مقبول ڈار نامی مقامی شہری نے بتایا کہ اس نے انگریزی میں ماسٹرس کے علاوہ ایم ایڈ کی ڈگری حاصل کی تھی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہسپتال سے نوجوان کی لاش کو طبی و قانونی لوازمات کے بعد جوں ہی ان آبائی علاقے دربگام پہنچایا گیا تو یہاں لوگ سہم کررہ گئے۔
ادھر، پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔