پونچھ// جنوبی ضلع شوپیاں کو جموں صوبہ کے پونچھ ضلع سے ملانے والی تاریخی مغل روڈ کو 7 روز بعد ٹریفک آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مغل روڈ پر رتہ چھمب علاقے میں گرآئی پسی کو ہٹانے کا کام اتوار کو مکمل کر لیا گیا تھا، جس کے بعد پیر کو شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک آمد ورفت کو بحال کر دیا گیا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے تاہم لوگ سفر کے دوران احتیاط کریں۔
اُنہوں نے لوگوں کو خراب موسمی صورتحال کے درمیان مغل شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کرنے کی تلقین کی ہے۔
حکام نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کے درمیان متعدد مقامات پر پسیاں اور پتھر گرنے کا خدشہ رہتا ہے، نقصان سے بچنے کیلئے لوگ احتیاط کریں۔
اُنہوں نے ٹرانسپورٹروں اور ڈرائیور کو شاہراہ پر ’لین ڈسپلن‘ برقرار رکھنے کی تلقین کی۔