یو این آئی
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو حلف اٹھانے والے ارکان پارلیمان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ارکان پارلیمان انجینئر رشید سمیت تمام قیدیوں کے لئے انصاف کا مطالبہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری جمہوریت کے لئے ایک اہم موقع ہے۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے پیر کے روز ‘ایکس’ پر اپنے ایک طویل پوسٹ میں کہا: ‘میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کرنے والوں سمیت تمام ارکان پارلیمان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو آج حلف اٹھا رہے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ آج ہماری جمہوریت کے لئے بہت اہم موقع ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہ بات مسلم ہے کہ شمالی کشمیر کے لوگوں نے انجینئر رشید کو منتخب کیا ہے لہذا ان کو حلف اٹھانے کا موقع دیا جانا چاہئے تاکہ وہ اپنے پارلیمانی حلقے کی نمائندگی کر سکے’۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘ان قیدیوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کو بھی تسلیم کرنے ضرورت ہے جو انتخابات میں حصہ لینے سے قاصر ہیں یا تیار نہیں ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘ہمارے ارکان پارلیمان انجینئر رشید سمیت قیدیوں کے لئے انصاف کی آواز بلند کریں گے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم جموں و کشمیر سے باہر کے جیلوں میں بند ان قیدیوں کی فوری رہائی تک واپس کشمیر کی جیلوں میں منتقلی کا مطالبہ بھی کریں گے’۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اہم مطالبات میں 5 اگست 2019 کے بعد حراست میں لئے گئے تمام افراد کے لئے وسیع تر عام معافی ہوگی۔