اننت ناگ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار از جان، 2 زخمی

اننت ناگ// جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے اچھ بل علاقے میں مبینہ طور پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار ہلاک جبکہ اس کے ساتھ سوار دو دیگر افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ترہپو اچھ بل کے مقام پر نامعلوم گاڑی نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور اس کے ساتھ دو دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

متوفی موٹرسائیکل سوار کی شناخت گل محمد گنائی ولد علی محمد گنائی سکنہ تلوانی کے طور پر ہو ئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت محمد اشرف گنائی ولد غلام حسن گنائی اور ماجد احمد گنائی ولد بشیر احمد گنائی سکنہ کنگن ہال اچھ بل کے بطور ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ زخمی دونوں افراد کو علاج کے لیے جی ایم سی اننت ناگ لے جایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ “پولیس کے جائے وقوعہ پر پہنچنے سے پہلے، گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا”۔

ایک پولیس اہلکار نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مزید تحقیقات کے لیے ایک کیس درج کر لیا ہے۔