منشیات فروشی کے الزام میں ماں بیٹا گرفتار

File Photo

سرینگر// سماج سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے بڈگام میں پولیس نے ماں بیٹے کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس چوکی موچھوا کو معتبر ذرائع سے مخصوص اطلاع ملی کہ محمد یعقوب خان ولد سراج الدین اور اس کی والدہ نے گوپال پورہ چاڈورہ میں اپنے رہائشی مکان میں ممنوعہ چیز چھپائی ہے۔ اس اطلاع پر پولیس پارٹی انسپکٹر مدثر شفیع نے فرسٹ کلاس ایگزیکٹیو مجسٹریٹ بی کے پورہ کے ساتھ مخصوص جگہ پر چھاپہ مارا اور مذکورہ مکان سے 1 کلو اور 122 گرام وزنی چرس کی 31 چھڑیاں برآمد کیں۔ دونوں ماں بیٹے کو موقع پر گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زیر حراست ہیں۔
اسی مناسبت سے پولیس تھانہ چاڈورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر زیر نمبر 46/2023 درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
پولیس نے سول سوسائٹی ممبران سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد میں منشیات کی فروخت سے متعلق کسی بھی معلومات کے ساتھ آگے آئیں۔ منشیات فروشی میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ منشیات فروشوں کے خلاف ہماری مسلسل کارروائیوں سے کمیونٹی کے افراد کو یقین دلانا چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک رکھنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔