میرواعظ خانہ نظر بند نہیں،جہاں چاہیں جا سکتے ہیں:لیفٹیننٹ گورنر

سرینگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ میر واعظ عمر فاروق کو نظر بند نہیں رکھا گیا ہے، وہ اپنے گھر پر ہیں اور وہاں سیکیورٹی فورسز کو ان کی حفاظت کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔
بی بی سی ہندی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ،” میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند نہیں رکھا گیا ہے، ان کے ارد گرد پولیس کو اس لئے تعینات رکھا گیا ہے تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکےـ”۔
اُنہوں نے مزید کہا،”2019میں بھی ان پر پی ایس اے (پبلک سیفٹی ایکٹ) نہیں لگایا گیا تھا۔ وہ نظر بند نہیں ہیں، اُنہیں طے کرنا ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں “۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بی بی سی کو کہا کہ اُن کے والد کو بھی بدقسمتی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس ان کے ارد گر رکھی گئی ہے تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے،انہیں خود فیصلہ کرنے دیں کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ وہ نہ تو قید ہیں اور نہ ہی گھر میں نظر بند ہیں۔ اُن کے گھر پر کوئی سکیورٹی اہلکار تعینات نہیں ہے، وہ جہاں چاہیں جا سکتے ہیں۔