کرناہ میں ٹریکٹر کی ٹکر سے 11 سالہ لڑکے کی موت

عظمیٰ ویب ڈیسک

سری نگر// شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے کرناہ علاقے میں پیر کی صبح مبینہ طور پر ٹریکٹر کی زد میں آکر ایک نابالغ لڑکے کی موت واقع ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک نابالغ لڑکا ایک ٹریکٹر زیر رجسٹریشن نمبر JK09C 0019 کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ متوفی کی شناخت نوران شاہ (عمر تقریباً 11 سال) ولد خدام حسین کے طور پر ہوئی ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ضروری تفصیلات اور شواہد جمع کرنے کے لیے پولیس کی ایک ٹیم موقع پر موجود ہے۔