کولگام کے یاری پورہ گاؤں میں مشتبہ انفیکشن پھیلنے سے کمسن کی موت، متعدد متاثر

File Photo

کولگام//جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے یاری پورہ علاقے میں جمعہ کو اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب گاؤں میں مشتبہ ہیپاٹائٹس پھیلنے کی وجہ سے ایک 6سالہ بچی کی موت ہوگئی اور متعدد بیمار ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی- کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے بتایا کہ یاری پورہ کے ترک ٹچلو علاقے میں ایک مشتبہ ہیپاٹائٹس پھیلنے سے کمسن لڑکی کی جان چلی گئی، جسے سری نگر کے جے وی سی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ، اسی دوران علاقے میں ایک درجن سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا،”کچھ بچوں کو علاج کے لیے سری نگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے”۔
ذرائع نے بتایا کہ گاؤں میں غیر محفوظ پانی کی فراہمی کی وجہ سے انفیکشن پھیل گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ لقمہ اجل بنی کمسن کی شناخت مائرہ گلزار کے بطور ہوئی ہے۔
بلاک میڈیکل آفیسر، یاری پورہ ڈاکٹر نگہت نسرین نے بتایا کہ ایک میڈیکل ٹیم کو نمونے لینے کے لیے گاؤں روانہ کر دیا گیا ہے ،متاثرہ بچوں کو بنیادی علاج بھی دیا جا رہا ہے”۔