پلوامہ میں ملی ٹینٹ معاون گرفتار، گرینیڈ برآمد: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

پلوامہ// جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں پولیس نے جمعرات کو کریم آباد کراسنگ پر ایک معمول کے چیک پوائنٹ کے دوران ایک ملی ٹینٹ معاون کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے ایک بیان میں بتایا ، “گرفتار شخص کی شناخت ارسلان احمد شیخ ولد مشتاق احمد شیخ ساکن کریم آباد کے طور پر ہوئی ہے، جسے تلاشی کے دوران ایک دستی بم کے ساتھ پکڑا گیا”۔
ترجمان نے مزید کہا کہ شیخ کا مقصد پولیس چیک پوائنٹ پر گرینیڈ سے حملہ کرنا تھا، جو سیکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کی حفاظت کے لیے ایک سنگین خطرہ تھا۔ تاہم، پولیس کی بروقت کارروائی نے حملے کو ناکام بنا دیا اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا، “پلوامہ پولیس تھانہ میں ارسلان احمد شیخ کے خلاف دھماکہ خیز مواد ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) کی دفعات کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 182/2024 درج کر لیا گیا ہے”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور ملزم سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔