سری نگر// جموں کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں نے اپنی مانگوں کو لے کر زبردست احتجاج کیا ۔
اطلاعات کے مطابق آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کی ایک بڑی تعداد نے منگل کے روز سری نگرکی پریس کالونی میں احتجاجی کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف جم کرنعرہ بازی کی۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے کہاکہ ایل جی انتظامیہ کی جانب سے آنگن وارڈی ورکروں کی ریٹائرمنٹ حد 60سال مقرر کی گئی ہے جو ہمارے ساتھ نا انصافی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کی دیگر ریاستوں میں 65سال کی حد مقرر ہے لیکن جموں وکشمیر یوٹی میں اس کے برعکس ہو رہا ہے۔
اُن کے مطابق انتظامیہ نے ہمیں پنچوں، سرپنچوں او ر کونسلروں کے حوالے کیا جو ہمیں قطعی منظور نہیں ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم سینٹر کی اسکیموں کو عملی جامہ پہنا کر لوگوں تک پہنچاتے ہیں اگر ہماری بات نہیں مانی گئی تو کرپشن بڑھے گا ۔
انہوں نے کہاکہ آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کے لئے پنشن اسکیم لاگو ہونی چاہئے اور جس طرح سے باقی ملازمین کو پنشن مراعات دی جارہی ہیں اسی طرح آنگن واڑی وکرروں کو بھی ملنی چاہئے۔
خواتین مظاہرین نے بتایاکہ ریٹائرمنٹ کے وقت ہمیں پانچ سے دس لاکھ روپیہ کی رقم ملنی چاہئے ۔
اس موقع پر جموں وکشمیر پولیس نے آنگن واڑی ورکروں کی جانب سے لالچوک کی طرف پیش قدمی کو روکا اور اُنہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی جس دوران کئی خواتین بے ہوش ہو گئیں۔