محمد تسکین
بانہال // پیر کی شام پانچ بجے بعد بانہال میں شروع ہوئی تیز بارش کی وجہ سے بانہال کے بنکوٹ کے اوپر پہاڑوں پر بادل پھٹنے کے نتیجے میں آئے سیلابی ریلوں کیوجہ سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے۔
سیلابی ریلے کی وجہ سے گگڑواہ بنکوٹ کے نالے میں سیلابی ریلوں کیوجہ سے زیر تعمیر بنکوٹ گوجر ناڑ کی سڑک کو بھی نقصان پہنچا ہے اور ایک ایل این ٹی مشین ، ایک جے سی بی مشین اور دیگر مشینری سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں ۔
پولیس نے بتایا کہ بنکوٹ کے گگڑواہ نالہ میں طغیانی کی وجہ سے ایک شخص کے بہہ جانے کی خبر ملتے ہی بنکوٹ کے مقامی لوگوں ، پولیس اور بانہال والنٹیرس کے رضاکاروں کی ٹیمیں جائے واردات پر پہنچ گئیں اور سخت مشقت کے بعد سیلاب کی نظر ہوئے شخص کی لاش کو بانہال اسٹیڈیم کے پاس ملبہ سے ڈھونڈ نکالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مہلوک نوجوان 28 سالہ ظاہر احمد ولد عبد القیوم ساکنہ منجوس تحصیل کھڑی ایل این ٹی آپریٹر کی موت موقع پر ہی واقع ہو چکی تھی اور ہسپتال پہنچانے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی او بانہال منجیت سنگھ، تحصیلدار بانہال امتیاز احمد اور ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری موقع پر پہنچے اور بچاؤ کاروائیوں کی نگرانی کی۔