عشرت حسین بٹ
منڈی// پونچھ ضلع کی منڈی تحصیل کے ساوجیاں علاقے میں جمعہ کی دوپہر ایک شہری پر ریچھ کے حملے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔
مقامی لوگوں نے فوری مدد فراہم کرتے ہوئے اسے سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بعد ازاں زخمی شخص کو مزید علاج کے لیے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، زخمی شخص کی شناخت عبدالرحیم، ساکن بانڈی چچیاں پونچھ کے طور پر ہوئی ہے، جو اپنے مویشی چرا رہا تھا کہ اچانک ریچھ نے حملہ کر دیا۔ نیڑیاں کے مقامی لوگوں نے فوری طور پر عبدالرحیم کو طبی مرکز ساوجیاں پہنچایا، جہاں سے اسے سب ضلع ہسپتال منڈی لے جایا گیا۔
منڈی سب ضلع ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ساقب نے میڈیا کو بتایا کہ زخمی شخص کو ریچھ نے زخمی کیا تھا اور سب ضلع ہسپتال میں ابتدائی علاج کے بعد اسے پونچھ بھیج دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمی شخص کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔