سرینگر میں ہولناک آتشزدگی، شہری جاں بحق، 3 مکانوں کو نقصان

File Photo

راجا ارشاد

سرینگر// سرینگر کے پائین شہر میں واقع نوا کدل سے ملحقہ جمالٹہ میں آتشزدگی کی ہولناک واردات میں ایک شہری کی موت واقع ہو گئی ہے جبکہ تین رہائشی مکانوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ مغرب کی نماز کے بعد سرینگر کے نواکدل کے جمالٹہ علاقے میں ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کی لپیٹ میں قریب میں موجود دیگر مکانات بھی آ گئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس موقع پر موجود مقامی لوگوں نے آگ کو بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی، اطلاع ملتے ہی فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش میں لگ گئے تاہم آتشزدگی کی واردات میں ایک مکان کے مالک بشیر احمد کی جان چلی گئی اور لاکھوں روپے مالیت کی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اعلیٰ حکام نے معاملے کی تصدیق کی ہے۔
اُنہوں نے واقع میں شہری کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔