کولگام:مالک کی وفات کے چند گھنٹوں بعد رہائشی مکان جل کر خاکستر

کولگام// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گوجر بستی منزگام میں جمعے کی صبح معمر شہری کی موت واقع ہونے کے چند گھنٹوں بعد اُس کا رہائشی مکان بھی خاکستر ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعے کے روز گوجر بستی منز گام میں معمر شہری محمد اشرف کھٹاہ ولد علی محمد کھٹانہ داعی اجل کو لبیک کہہ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ معمر شہری کی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد اُس کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پورے رہائشی مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم رہائشی مکان کی اوپری منزل مکمل طورپر خاکستر ہوئی۔
تحصیلدار دمہال ہانجی پورہ روف احمد لون کی سربراہی میں محکمہ مال کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور متاثرین کو امداد فراہم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا، ”ایس ڈی آر ایف کے اصولوں کے مطابق ہم کیس کو کم سے کم وقت میں آگے بڑھائیں گے تاکہ خاندان کو معاوضہ مل سکے“۔
دریں اثنا، کولگام پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا،”کولگام پولیس کو اطلاع ملی کہ منزگام میں رہائشی مکان میں آگ بھڑک اٹھی ہے، برف باری کی وجہ سے وہاں تک پہنچنا مشکل تھا، اس کے باوجود ایس ایس پی کولگام کی قریبی نگرانی میں ایس ایچ او منزگام نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بھرپور کوششوں اور مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا اور خاندان کو مزید نقصان سے بچا لیا“۔