عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ// سیکورٹی فورسز نے ڈوڈہ ضلع کے عسر کے شیو گڑھ دھر علاقے میں جھڑپ کے مقام سے ایک M4 کاربائن اور تین بیگ پیک برآمد کیے ہیں جبکہ جنگلات میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن ابھی جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کل شام فائرنگ کے تبادلے کے بعد جنگجو جنگلوں کی طرف بھاگ گئے لیکن کچھ گولہ بارود ساتھ نہیں لے سکے۔
اُنہوں نے بتایا کہ امریکی ساختہ M4 کاربائن رائفل برآمد کر لی گئی ہے،تین بیگ پیک اور گولہ بارود سمیت دیگر مجرمانہ مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ شام تقریباً 7بج کر 12 منٹ پر ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کا آمنا سامنا ہوا تھا لیکن اندھیرے کی وجہ سے آپریشن رات بھر کے لیے معطل کر کے آج صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔
ایس ایس پی ڈوڈہ جاوید اقبال نے کہا کہ آپریشن ابھی جاری ہے اور اس کے ختم ہونے پر تفصیلات ظاہر کی جائیں گی۔