لوک سبھا انتخابات مودی کی محب وطن قیادت، خاندانی اتحاد کے درمیان: شاہ

File Photo

یو این آئی

سلواسا// مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ نے پیر کو کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ووٹروں کو مودی کی حب الوطنی سے بھرپور قیادت اور خاندانی جماعتوں کے اتحاد میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔

یہاں منعقدہ ایک عوامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے رام مندر کی تعمیر اور دفعہ 370 کی منسوخی سمیت ملک کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکارہندوستان کو دنیا کی بڑی اقتصادی طاقت بنانے میں مصروف ہے جب کہ موجودہ اپوزیشن جب اقتدار میں تھی کرپشن میں ملوث تھی۔ اس پروگرام میں انہوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے دمن اور دیو میں تقریباً 2448 کروڑ روپے کے 53 مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا اور اجتماع سے خطاب کیا۔
اس موقع پر دمن اور دیو کے ایڈمنسٹریٹر پرفل پٹیل اور مرکزی داخلہ سکریٹری سمیت کئی معززین موجود تھے۔

شاہ نے کہا کہ آج ملک انتخابات کی دہلیز پر کھڑا ہے اور ملک کے لوگوں کے پاس دو ہی راستے ہیں – ایک طرف حب الوطنی سے لبریز نریندر مودی کی قیادت اور دوسری طرف سات خاندانی پارٹیوں کا اتحاد۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ اسے ہندوستان کو دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بنانے والے وزیر اعظم مودی کی حکمرانی چاہئے یا 12 لاکھ کروڑ روپے کے گھوٹالے کرنے والی کی حکمرانی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدعنوانوں، خاندان پرستوں اور2 جی، 3 جی اور 4 جی والوں کا ٹولہ ہے جو کسی کو موقع نہیں دیتے۔

ویر ساورکر کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی جی نے پچھلے 10 برسوں میں اتنے ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں کہ اگر ان کو شمار کیا جائے تو بہت لمبی فہرست بن جائے گی۔ اس پروگرام میں وزیر داخلہ نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے سلواسا میں 191 کروڑ روپے کی لاگت سے دمن کے دس پروجیکٹوں، 340 کروڑ روپے کی لاگت سے دیو کے دس پروجیکٹوں اور 1916 کروڑ روپے کی لاگت سے دادرا اور نگر حویلی کے 33 پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اورسنگ بنیاد رکھا۔

شاہ نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ملک کے تقریباً 100 کروڑ عوام اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور نئی حکومت کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صد فیصد کام کرنا مودی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک کے کروڑوں دلتوں، قبائلیوں، غریبوں اور پسماندہ لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کے لوگوں سے اجودھیا میں بھگوان شری رام کا عظیم الشان مندر بنانے کا وعدہ کیا تھا اور اسے پورا کیا۔ اسی طرح جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو ختم کر دیا گیا۔ شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک سے نکسل ازم، دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کا کام کیا ہے۔ مسٹر مودی نے فوج کے جوانوں کے لیے ون رینک، ون پنشن کا وعدہ بھی پورا کیا۔مودی جی نے پارلیمنٹ اور ریاستی قانون ساز اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دیا۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ تین طلاق کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مودی جی نے ملک میں کئی دوسرے اہم کام کئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی نے محترمہ دروپدی مرمو کی شکل میں ایک قبائلی خاتون کو صدر بنایا اور دیگر پسماندہ طبقات کمیشن کو آئینی درجہ دے کر پسماندہ سماج کو عزت بخشی۔ انہوں نے بابا صاحب کا پنچتیرت بنا کر ملک کے دلتوں کو فخر کرنے کا کام کیا ہے۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے انگریزوں کے بنائے ہوئے تینوں فوجداری قوانین کو تبدیل کرنے کا کام بھی کیا۔