عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// محکمہ موسمیات نے جمعرات کو دن کے درجہ حرارت میں کمی کی پیش گوئی کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب الگ تھلگ بالائی مقامات پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا، “29 اگست کو دن کا درجہ حرارت ممکنہ طور پر گر جائے گا کیونکہ الگ تھلگ بالائی مقامات پر ہلکی برف باری کا امکان ہے”۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کو مدنظر رکھتے ہوئے، جموں و کشمیر میں چند خطرناک مقامات پر سیلاب، پسیاں، مٹی کے تودے گرنے اور پتھر گرنے کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا، “آج رات اور صبح کے دوران الگ تھلگ مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ چند مقامات پر مختصر مدت کے لیے شدید بارش کا امکان ہے”۔
انہوں نے کہا کہ 29 اگست کو جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش، گرج چمک کے ساتھ موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ 30 اگست کو بکھرے ہوئے مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ 31 اگست سے یکم ستمبر تک موسم عام طور پر خشک رہے گا اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ 2 سے 3 ستمبر تک موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔