ایل جی سنہا نے گاندربل میں سرینگر-لیہہ شاہراہ پر پل کا افتتاح کیا

گاندربل// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گاندربل ضلع میں سری نگر-لیہہ شاہراہ پر نالہ سندھ پر اپنی نوعیت کے اہم اور منفرد پل کا افتتاح کیا جسے وائل پل بھی کہا جاتا ہے۔
اس موقع پر چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، ڈی ڈی سی چیئرپرسن گاندربل نزہت اشفاق، پرنسپل سکریٹری روڈ اینڈ بلڈنگ شیلندر کمار کے علاوہ سول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
حکام نے بتایا کہ دو لین والے پل کو جموں توی فلڈ ری کنسٹرکشن پروجیکٹ (جے ٹی ایف آر پی) کے تحت 23.79 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پل کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پل ایک آرچ قسم کا سٹیل گرڈر ہے جس کی بنیاد 110 میٹر اور چوڑائی 10.50 میٹر ہے جبکہ اپروچ سڑکوں کی لمبائی 330 میٹر ہے۔ پل کی تعمیر میں ابتدائی طور پر مشکلیں آئی تھیں تاہم گزشتہ دو سالوں میں تعمیراتی ایجنسی کام کو مکمل کر دیا۔
یہ پل، ٹراس اور آرچ برج عناصر اور گرڈرز کے ایک انوکھے امتزاج کا استعمال کرتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے۔