ایل جی منوج سنہا نے ڈل جھیل میں صفائی مہم کی قیادت کی

عظمیٰ ویب ڈیسک

سری نگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو سری نگر میں ’سوچھتا ہی سیوا‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر ’ڈل جھیل‘ میں صفائی مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس سے قبل، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ‘سوچھتا ہی سیوا’ مہم کے ایک حصے کے طور پر دہلی چھاو¿نی میں کنٹرولر جنرل آف ڈیفنس اکاو¿نٹس (سی جی ڈی اے) کے ذریعہ منعقدہ ایک خصوصی صفائی پروگرام کی صدارت کی۔
راج ناتھ سنگھ نے ‘ایک تاریخ، ایک گھنٹہ، ایک ساتھ’ پروگرام کے حصے کے طور پر ‘شرم دان’ سرگرمیوں کی قیادت کی، جس میں صفائی مہم، مشترکہ علاقے کی خوبصورتی اور شجرکاری مہم شامل تھی۔
انہوں نے ’صفائی ملازمین‘ سے بھی بات چیت کی اور احاطے میں صفائی کو یقینی بنانے میں ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے انہیں جوش اور لگن کے ساتھ کام جاری رکھنے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت کی جانب سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے ’کلین انڈیا‘ کے خواب کو پورا کرنے کے لیے شروع کی گئی عوامی سماجی تحریک کو آگے بڑھانے کی ترغیب دی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے لے کر بی جے پی کے سربراہ جے پی نڈا سمیت کئی مرکزی وزراءاور ممبران پارلیمنٹ کو آج ملک بھر میں ’سوچھتا ہی سیوا‘ مہم کے تحت صفائی مہم میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا گیا۔
جل شکتی کی وزارت کے ایک سرکاری بیان کے مطابق، مرکزی وزیر برائے جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت نے چل رہی ’سوچھتا ہی سیوا‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر دہلی میں چھٹھ گھاٹ، آئی ٹی او سے صفائی مہم کی قیادت کی۔
ملک بھر کے لوگوں سے یکم اکتوبر کو صبح 10 بجے شروع ہونے والی صفائی مہم میں حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ سوچھ بھارت ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ہر کوشش کی اہمیت ہے۔
اس سے پہلے من کی بات کے اپنے 105 ویں ایپی سوڈ کے دوران پی ایم مودی نے کہا، “صفائی پر ایک بڑا پروگرام یکم اکتوبر کو منعقد ہونے جا رہا ہے جو اتوار کو صبح 10 بجے ہے۔ آپ بھی وقت نکال کر صفائی سے متعلق اس مہم میں مدد کریں۔ آپ اپنی گلی، محلے یا کسی پارک، ندی، جھیل یا کسی اور عوامی مقام پر بھی اس صفائی مہم میں شامل ہو سکتے ہیں”۔